پاکستان کے عثمان قمر نے16ویں اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے سائیکلنگ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
عثمان قمر نے 5 کلومیٹر روڈ ریس کا فاصلہ 7 منٹ 21.59 سیکنڈ میں طے کیا۔ عثمان قمر نے پہلی مرتبہ ورلڈ گیمز میں حصہ لیا ہے۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد عثمان قمر کا کہنا تھا کہ ورلڈ گیمز کیلئے بھرپور تیاری کی تھی اور مجھے امید تھی کہ میں وکٹری اسٹینڈ تک ضرور پہنچوں گا مگر گولڈ میڈل جیتنا ایک خواب تھا، میں اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے سرخرو کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی ہیڈ کوچ ماہم طارق اور اسپیشل اولمپک پاکستان کا بھی مشکور ہوں، جنہوں نے ٹریننگ میں میری بہت مدد کی۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے عثمان قمر کا مزید کہنا تھا کہ 2016 سے سائیکلنگ کررہا ہوں ورلڈ گیمز کیلئے دو کیمپس اٹینڈ کیے تھے۔
عثمان کی ہیڈ کوچ ماہم طارق نے کہا کہ عثمان کی ورلڈ گیمز میں شرکت آخری لمحات میں ہوئی اور قومی دستے کی روانگی سے صرف ایک دن قبل عثمان کا ویزا لگا تھا، مجھے امید ہے کہ عثمان مزید ریسز میں بھی اپنی اس پرفارمنس کو جاری رکھے گا۔
Comments are closed.