جرمنی کے شہر برلن میں اگلے سال منعقد ہونے والے ’اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز برلن 2023‘ میں شمولیت کے لیے تیار پاکستان کی ٹیم کی پذیرائی اور گیمز کے مقصد کو اُجاگر کرنے کے لیے جرمن قونصل خانہ میں ’نائٹ مارکیٹ‘ کے نام سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کے خصوصی کھلاڑیوں اور ان کے یونائیٹڈ پارٹنرز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر قونصل خانہ کی ڈپٹی ہیڈ برجیت نکولی کوہمن نے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کی میزبانی کو جرمنی کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں جبکہ ان کی کھیلوں سمیت ہرشعبہ میں کاوشوں کو سراہا جانا چاہیے۔
انہوں نے اسپیشل اولمپکس پاکستان اور اسکی چیئرپرسن رونق لاکھانی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر رونق لاکھانی نے کہا کہ اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کا مقصد یہ باور کروانا ہے کہ ہمارے خصوصی کھلاڑی دنیا میں کسی سے کم نہیں، امید ہے کہ گزشتہ گیمز میں 65 میڈلز جیتنے والے اسپیشل اولمپکس پاکستان کے کھلاڑی اس سال زیادہ تمغے جیتنے میں کامیاب رہیں گے۔
خصوصی کھلاڑیوں ماہم، حمیرا اور جسمین و دیگر نے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں اچھی کارکردگی کا عزم کیا۔
اگلے برس جون میں جرمنی کے شہر برلن میں منعقد ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کا 121 رکنی دستہ شرکت کرے گا۔
ان میں 51 مرد اور یونیفائیڈ پارٹنرز، 7 مرد کوچز اور ایک ڈاکٹر شامل ہوگا جبکہ 36 خواتین کھلاڑیوں اور یونیفائیڈ پارٹنرز کے ساتھ 13 خواتین کوچز اور 3 آفیشلز بھی گیمز کا حصہ ہوں گے۔
ہر دو سال کے بعد ہونے والے گیمز کے 24 کھیلوں میں اس سال 170 ممالک کے7 ہزار کے لگ بھگ خصوصی کھلاڑی اور ان کے یونیفائیڈ ساتھی شرکت کر رہے ہیں۔ 3 ہزار کوچز کے ساتھ 20 ہزار رضا کار بھی اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں خدمات انجام دیں گے۔
قونصلیٹ ذرائع کے مطابق ہفتے کی شام جرمن قونصلیٹ میں منعقدہ نائٹ مارکیٹ سے ہونے والی آمدنی اس اولمپکس میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے خرچ کی جائے گی۔
Comments are closed.