پاکستان کے عثمان قمر نے جرمنی میں جاری اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا۔
گزشتہ روز روڈ سائیکلنگ میں گولڈ جتنے کے بعد آج عثمان قمر نے ٹائم ٹرائل میں طلائی تمغہ جیتا۔ زینب علی رضا نے بھی سائیکلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ یوں ایونٹ میں پاکستان کے اب تک گولڈ میڈلز کی تعداد 6 ہوگئی۔
عثمان قمر نے ٹائم ٹرائل کی 2 کلومیٹر روڈ ریس کا فاصلہ 7 منٹ 21.59 سیکنڈ جبکہ زینب علی رضا نے 2 کلومیٹر کا فاصلہ 6 منٹ 49.29 سیکنڈ میں مکمل کیا۔ عثمان قمر اب تک ورلڈ گیمز میں 2 گولڈ میڈلز اپنے نام کرچکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے محمد سفیر عابد رضوی نے 25 کلومیٹر ریس کا فاصلہ 53 منٹ 34.85 سیکنڈ میں مکمل کر کے سلور میڈل جیتا۔
پاور لفٹنگ ایونٹ کے 83 ویٹ کلاس کیٹیگری کے اسکواٹ میں پاکستان کے حیدر احمد نے سلور، بینچ پریس میں برونز، ڈیڈ لفٹ میں برونز اور مجموعی طور پر 250 کے جی وزن اٹھانے کے ساتھ کمبائنڈ ویٹ میں سلور میڈل اپنے نام کیا۔
پاکستان کی ماریہ منظور نے 69 ویٹ کلاس کیٹیگری کے بینچ پریس میں سلور جبکہ کمبائنڈ ویٹ میں برونز میڈل جیتا۔
ایتھلیٹکس کی 400 میٹر ریس کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کی ثناء ایک منٹ 26.82 کے ساتھ چوتھے نمبر پر آئیں۔
بیڈمنٹن میں بنگلادیش نے پاکستان کو 21-18 اور 21-15 جبکہ مکاؤ چائنا نے 21-17 اور 21-15 سے شکست دی۔
فیلڈ ہاکی مکس ایونٹ میں پاکستان نے پیراگوئے کو 0-5 سے شکست دی، دوسرے میچ میں پاکستان نے بلغاریہ کو 5-4 سے ہرا کر سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
باسکٹ بال ویمنز ایونٹ میں بلغاریہ نے پاکستان کیخلاف 11 کے مقابلے میں 21 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
ٹیبل ٹینس کے یونیفائڈ مینز ایونٹ میں پاکستان کے امتیشام دانش اور عدیل خان نے فرانس کیخلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کرکے برونز میڈل جیت لیا۔
خواتین ایونٹ میں پاکستان کی فائزہ قمر اور ایمان عامر نے سعودی عرب کیخلاف تین۔صفر کی فتح کے ساتھ برونز میڈل اپنے نام کیا۔
سوئمنگ ایونٹس 25 میٹر فری اسٹائل میں پاکستان کے حسن پٹیل نے چھٹی، خواتین کی 25 فری اسٹائل میں پاکستان کی آمنہ مومن نے آٹھویں جبکہ فاطمہ خان نے 257 میٹر فری اسٹائل میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان کے تینوں تیراک نے ورلڈ گیمز میں اپنے انفرادی ریکارڈز کو بہتر بنایا۔
Comments are closed.