پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز افغان شائقین کی جانب سے اسٹیڈیم میں کی جانے والی ہنگامہ آرائی کا معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے میچز میں حالیہ برسوں کے دوران ہنگامہ آرائی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ 2019ء میں لیڈز میں ہنگامہ آرائی ہوئی، دبئی میں گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی افغانستان کے خلاف میچ میں ہنگامہ آرائی ہوئی تھی۔
اسی طرح ایشیا کپ میں گزشتہ روز ہونے والے افغانستان کے خلاف میچ میں بھی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستانی فینز کے ساتھ پیش آنے والے واقعات سے ناخوش ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت الفاظ میں احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے کہ پہلے مرحلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ خط کے ذریعے تشویش کا اظہار کرے گا، پی سی بی آئی سی سی، اے سی سی اور شارجہ کرکٹ کونسل کو خط لکھے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں پی سی بی مختلف اجلاسوں میں معاملے کو اٹھائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ فینز کے ساتھ تین مرتبہ ناخوشگوار واقعات ہوئے جو ناقابلِ برداشت ہیں، فینز کو غیر محفوظ نہیں بنا سکتے، ان کی حفاظت کے لیے پی سی بی اقدامات کا مطالبہ کرے گا۔
پی سی بی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کے میچز میں ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں۔
Comments are closed.