ایپل ان کارپوریشن کے شریک بانی اسٹیو جابز کی بیٹی ایوا جابز نےایک انٹرویو میں اپنی زندگی کے بارے میں کچھ حقائق بتائے ہیں۔
24 سالہ ایوا جابز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بارے میں بتایا کہ ’میں تھوڑی سی عجیب ہوں، کچھ لوگ مجھ سے قدرے حیران ہو جاتے ہیں‘۔
امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کرنے والی ایوا جابز ایک گھڑ سوار اور ماڈل بھی ہیں۔
ایوا جابز نے 6 سال کی عمر میں گھڑ سواری سیکھنا شروع کی تو ایوا سے کہا گیا کہ وہ پوری توجہ اپنی پڑھائی پر مرکوز رکھیں، لیکن ان کے والدین نے اُنہیں گرمیوں اور بہار کے موسم میں ملنے والی چھٹیوں کے دوران شو جمپنگ مقابلوں کے لیے سفر کرنے کی اجازت دے دی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’میں دیکھنا چاہتی تھی کہ میں اپنے اس شوق کو اپنی زندگی میں کہاں تک لے جا سکتی ہوں، گھڑ سواری ایک مشکل کھیل ہے، زیادہ تر اس کے لیے آپ کو رنگ میں صرف دو منٹ ملتے ہیں اور آپ کو اس دوران ایک جانور کے ساتھ اس مقابلے کا حصّہ بننا ہوتا ہے جو کہ فطری طور پر ناقابل اعتبار ہے‘۔
ایوا جابز کا کہنا تھا کہ ’اسٹینفورڈ سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد میں زندگی میں اس اہم موڑ پر تھی کہ میں نے اس کھیل سے وہ سب کچھ حاصل کرلیا ہے جو میں چاہتی تھی‘۔
اُنہوں نے اپنےماڈلنگ کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ماڈلنگ کرتے ہوئے گھبراہٹ سے زیادہ شکر گزار تھی، کیونکہ میں نے کبھی ماڈل بننے کا خواب نہیں دیکھا تھا‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’جیسے جیسے مجھ پر زندگی کی حقیقت عیاں ہورہی ہے، میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بہترین طریقے سے متاثر کرنے کے لیے اپنا راستہ تلاش کررہی ہوں‘۔
ایوا جابز نے کہا کہ’میں نے زندگی میں ہمیشہ والدہ لارین پاؤل جابز سے رہنمائی حاصل کی، جس طرح میں اپنی ماں کو لوگوں تک متاثر کُن انداز میں پہنچنے کے طریقے ڈھونڈتا ہوا دیکھتی ہوں، اسی طرح میں لوگوں تک پہنچنے کے لیے اپنا راستہ تلاش کرنا چاہتی ہوں‘۔
خیال رہے کہ 2011ء میں جب ایوا جابز 13 برس کی تھیں تو ان کے والد اسٹیو جابز کا انتقال ہوگیا تھا۔
Comments are closed.