نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا وتیرہ ہے جسے اقتدار تک پہنچاتے ہیں پھر اُس کی گردن پکڑتے ہیں۔
کوئٹہ میں عزم نو ورکرز کنونشن سے خطاب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کے 85 فیصد قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں انتخابات کے حوالے سے مشاورت کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس 19 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ کی چھڑی بن کر اقتدار کے مسند پر آئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسی طرح شریف خاندان بار بار اسی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے قوم پر مسلط ہوئے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ بانی پی ٹی آئی آپ بھی تو اسٹیبلشمنٹ اور مقتدر قوتوں کے سہارے اقتدار کے مسند پر آئے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا تو یہی وتیرہ ہے، جن کو مسند اقتدار پر پہنچاتے ہیں پھر اسی کی گردن کو پکڑتے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے یہ بھی کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ جمہوریت کا تقاضا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اپنے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہیے۔
Comments are closed.