بدھ7؍شوال المکرم 1442ھ19؍مئی 2021ء

اسمارٹ لاک ڈاؤن میں تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد تعلیمی ادارے بند ہوں گے یا نہیں؟ والدین بہت پریشان تھے جس کے جواب میں صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے واضح کردیاہےکہ تعلیمی ادارے اسمارٹ لاک ڈاؤن کےدوران بند نہیں کر یں گے ، جس تعلیمی ادارے میں ایک بھی کورونا کیس نکلے گا اسے بند نہیں سیل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے سندھ میں اسمارٹ لان ڈاؤن کے حوالے سے میڈیا چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران بند نہیں کریں گے جبکہ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز نکلنے کے بعد ایکشن لیا گیا ، کورونا کی دوسری لہر میں 141 اسکولز اور 4 کالجز کو بند کیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ کا مزید کہناتھا کہ تعلیمی اداروں کو ایک بار پھر ایس او پیز پرسختی سے عمل کرنے اور کروانے کی ہدایت کریں گے اور جس تعلیمی ادارے میں ایک بھی کورونا کیس نکلے گا اسے سیل کیا جائے گا ،  فی الحال کسی بھی تعلیمی ادارے کو بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

خیال رہے سندھ حکومت نے ملک میں کورونا کی شدت میں اضافے کے پیش نظر آج سے 15اپریل تک اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹی فیکشن جاری کردیا ہے جبکہ اعلامیے کے مطابق  تمام کاروباری مراکز صبح 6 بجے سے رات 10 بجے بند تک کھولے جاسکتے ہیں اور رات 10 بجے بند کرنا لازم ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیے کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن میں شادی ہالزمیں کھانا کھلانے پر پابندی عائد ہے اور شادی کی دعوت میں 300 افراد بلائے جاسکیں گے جبکہ ہوٹل، ہالز میں ڈائننگ پرپابندی کے ساتھ ساتھ سرکاری و نجی دفاتر میں 50فیصد اسٹاف بلانے کی اجازت ہوگی، تاہم میڈیکل اسٹورز ، کلینک ، اسپتال، بیکری اور پیٹرول پمپس کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب میرپور آزاد کشمیر میں تعلیمی ادارے کھلتے ہی 3 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ کوروناوائرس کے شکار بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔

واضح رہے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے آغاز  ہوتے ہی کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ایک دن میں کورونا کے 2 ہزار253 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ 29  افراد انتقال کرگئے۔

You might also like

Comments are closed.