غداری کے مقدمے میں گزشتہ روز گرفتار کیے گئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کر دیا گیا۔
اسلام آباد کچہری کے ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو کچھ دیر بعد سنایا جائے گا۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت میں شہباز گِل کے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے استدعا کی مخالفت کی گئی۔
شہباز گِل پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری کا مقدمہ درج ہے۔
تحریکِ انصاف کے گرفتار رہنما شہباز گِل نے پیشی سے قبل عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میرا بیان محب الوطن کا بیان ہے، فوج سے پیار کرنے والا بیان ہے، کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی۔
گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے یہ بھی کہا کہ بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کر رہے ہیں، میں نے ان کے بارے میں بات کی۔
گزشتہ روز شہباز گِل پر تھانہ کوہسار میں 10 سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
شہباز گِل کی پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان بھی عدالت کے باہر موجود تھے۔
اسلام آباد کچہری میں پولیس نے آج صحافیوں کو کوریج سے روک دیا ہے۔
Comments are closed.