ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بھاری منشیات برآمد کر لی۔
اے ایس ایف کے عملے نے لاہور سے جدہ جانے والے مسافروں سے 786 گرام سے زیادہ آئس ہیروئن برآمد کر لی۔
مسافر سیف اللّٰہ اور بشیراں بی بی نے آئس ہیروئن ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر سعودی عرب جانے والے جوڑے کے پیٹ سے ہیروئن کے کیپسولز برآمد ہوئے ہیں۔
بھکر کےرہائشی ملزم کے پیٹ سے 135 جبکہ خاتون کے پیٹ سے 10 ہیروئن سے بھرے کیپسولز برآمد ہوئے ہیں۔
حیدر آباد میں ٹنڈو اللّٰہ یار کے 2 رہائشی ملزمان کے قبضے سے 10 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران اورکزئی سے 16 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی۔
ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.