پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کئی زبردست فیصلے کیے ہیں، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جو بھی فیصلہ کریں گے قبول کروں گا۔
گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز گل نے وکلاء کے ذریعے مجھے پیغام بھیجا کہ اس پر تشدد کیا گیا، شہباز گل نے کہا کہ اگر ریمانڈ پر بھیج دیا تو ذہنی طور پر برداشت نہیں کر سکوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کوئی قاتل، دہشتگرد نہیں، امریکی یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں کسی ملک سے ڈکٹیشن لینے پر تیار نہیں تھا اس لیے ہٹایا گیا، بھارت 40 فیصد کم قیمت پر روس سے تیل خرید رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے روسی صدر کو کہا کہ یوکرین جنگ سے تیل کی قیمت مزید بڑھ جائے گی، روسی صدر کو بتایا کہ پاکستان کو سستا تیل اور گندم چاہیے، روسی صدر سے کہا کہ ہمیں رعایت پر گندم چاہیے، وہ مان گئے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی اور چوروں کو مسلط کیا گیا، امریکا کے ڈر سے اس حکومت نے روس سے سستا تیل اور گندم نہیں لی۔
Comments are closed.