اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 میں ناکے پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایف نائین پارک میں خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پولیس ناکے پر مسلح ملزمان نے حملہ کر دیا، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے، گزشتہ روز ملزمان کی گرفتاری کی خبر سامنے آئی تھی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ناکے پر 2 نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ زخمی حملہ آوروں کو اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کی وجہ سے محفوظ رہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے خدشے کے پیشِ نظر شہر میں خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے اب دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہلاک ملزمان مبینہ طور پر ایف نائن پارک واقعے میں ملوث تھے، پولیس گزشتہ روز ملزمان کی شناخت کر چکی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے کی کوشش کی، فرار ہوتے ہوئے ناکہ دیکھا تو فائرنگ کر دی، ملزمان پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک ہلاک ملزم کی شناخت نواب علی کے نام سے جبکہ دوسرے کی اقبال کے نام سے کر لی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے، جن کے خلاف مختلف تھانوں میں 60 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مسلح افراد کی جانب سے لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔
لڑکی ہواخوری کے لیے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی، جسے مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا اور دوست کو الگ لے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
ملزمان نے لڑکی کی جانب سے شور کرنے پر تھپڑ مارے اور درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کر کے اس کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں متاثرہ لڑکی نے بتایا تھا کہ 2 حملہ آوروں نے اس سے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے، حملہ آوروں کو دہائیاں دیں، پر وہ باز نہیں آئے۔
ملزمان نے زیادتی کے بعد لڑکی سے کہا کہ شام کے وقت پارک نہیں آیا کرو۔
گزشتہ روز پولیس کی جانب سے ایف نائن پارک میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے 2 ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کو تھانہ گولڑہ کی حدود سے گرفتار کیا گیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے اقبالِ جرم بھی کر لیا ہے۔
Comments are closed.