وزیراعظم شہباز شریف سے چینی ناظم الامور پینگ چنگسو نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں سی پیک سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کمیونسٹ پارٹی کو 102ویں سالگرہ پر مبارکباد دی، شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور اقتصادی ترقی کیلئے حمایت پر کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ پاکستان اور چین ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، دونوں ممالک نے باہمی دلچپسی کے شعبوں میں تعاون کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور ملک میں معاشی استحکام کیلئے کیلئے چینی قیادت کے عزم کو سراہا۔
اس موقع پر چینی ناظم الامور پینگ چنگسو نے کہا کہ پاکستان چین کا اسٹریٹجک شراکت دار اور اہم دوست ہے۔ چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی نے پڑوسی سفارتکاری میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیا، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
چینی ناظم الامور نے پاکستان میں منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے، چین اسے ترقی دینے کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور مالی استحکام کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔
Comments are closed.