اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے موٹر وے پر اسلام آباد انٹرچینج کے قریب کارروائی کے دوران دو کاروں سے لگ بھگ 120 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف کے عملے نے موٹروے کے اسلام آباد انٹر چینج پر چیکنگ کے دوران 2 کاروں کی تلاشی لی، ان میں سے ایک کار نمبر اے این کے 759 اور اے زیڈ ایس 283 سے 103 کلو 200 گرام چرس اور 16 کلو 800 گرام افیون برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق دونوں کاروں سے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جو ہری پور اور پشاور سے تعلق رکھتے ہیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کے عملے نے ایک اور کارروائی کے دوران جی ٹی روڈ پر ترنول کے قریب ایک ٹرک سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی، ٹرک سے برآمد شدہ منشیات میں 120 کلو چرس اور 108 کلو افیون شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں ٹرک کے ڈرائیور سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم گولا خان خیبر جبکہ تازہ میر کا تعلق پشاور سے ہے۔
ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.