اسلامی نظریاتی کونسل نے سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے 226ویں خصوصی اجلاس اور ماہرین کے ساتھ فکری نشست ہوئی جس کا متفقہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فکری نشست میں سانحہ سیالکوٹ کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے اس سانحہ میں ملوث تمام ملزمان کو قانونی عمل کے ذریعے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اجلاس نے قرار دیا کہ پاکستانی حکومت نے اس مشکل صورت حال کو انتہائی دانش مندی کے ساتھ نمٹایا جس پر سری لنکن حکومت اور عوام نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کے لیے وزیراعظم کی جانب سے سند توصیف اور تمغہ شجاعت کے اعلان کو مستحسن اقدام قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ متشندانہ رجحانات کی وجوہات، اسباب اور انسداد کے لیے ماہرین موضوع کے ساتھ تسلسل سے فکری نشستوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تا کہ حکومت، ریاست، پالیسی ساز اور قانون ساز اداروں کے سامنے طویل المعیاد اور جلد روبعمل لانے والی تجاویز اور آراء تشکیل دی جاسکیں اور عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔
کونسل کے اجلاس اور ماہرین موضوع نے متفقہ طور پر باور کیا کہ موجودہ عدالتی نظام میں کافی حد تک اصلاح کی اس اند از سے گنجائش موجو د ہے کہ ان اداروں پر عوامی اعتماد بحال ہو سکے۔
اجلاس میں پاکستان کے مذہبی، سیاسی اور حکومتی قائدین کے بروقت اور درست انداز میں سانحہ سیالکوٹ کی مذمت اور دوست ملک سری لنکا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیے گئے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا گیا۔
Comments are closed.