اسلامی نظریاتی کونسل کا جڑانوالہ سانحے میں ملوث افراد کو سزا دینے کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا مطالبہ
اسلامی نظریاتی کونسل نے جڑانوالہ سانحے میں ملوث افراد کو سزا دینے کےلیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے جڑانوالہ واقعے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ جڑانوالہ میں ہوا اس کی مذہب، رائج ملکی قانون اور ہماری معاشرتی اقدار میں کوئی جگہ نہیں۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ اسلام تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اور مذہبی شعائر کے احترام کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے مذاہب کے افراد اور عبادت گاہوں پر حملے کی قانون اور اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، ان واقعات میں ملوث تمام شرپسندوں کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی جائے۔
قبلہ ایاز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن گھروں اور عبادت گاہوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، ان کی فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ لوگوں کی نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے، ایسے واقعات کے سدباب کیلئے ضروری ہے کہ ملوث مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے، اس سلسلے میں خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں جو دن رات سماعت کریں۔
انہون نے مطالبہ کیا کہ خصوصی عدالتیں ان جرائم پر اکسانے والے،منصوبہ سازاور مساجد سے اعلانات کرنے والوں کو سزائیں دیں۔
Comments are closed.