مانسہرہ کی اسسٹنٹ کمشنر ماروی ملک پر 3 افراد کے حملے کے بعد بہن سسی ملک شیر کا بیان سامنے آگیا۔
سسی ملک شیر کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر اٹک ہیں، انہوں نے بہن پر اوباش لڑکوں کے اچانک حملے پر سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ میری بہن کے حوالے سے مجھے بہت سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں، الحمدللہ وہ ایک بہادر افسر ہیں اور ایسی بہادری ہمیشہ مضبوط حکومت سے حاصل ہوتی ہے۔
سسی ملک شیر نے کہا کہ مانسہرہ پولیس اور ڈی سی مانسہرہ کو سلام، ڈی پی او کی ایسی بروقت کارروائی قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان ڈی پی او کی کارروائی کے نتیجے میں ابھی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
مانسہرہ کی اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک پر غازی کوٹ میں 3 افراد نے حملہ کیا، ملزمان نے لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو کئی بار اوور ٹیک کیا، ملزمان خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی تصاویر اور ویڈیو بھی بناتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے سامنے اپنی گاڑی روک دی اور کہا کہ یہ خاتون ہوکر ہم پر اے سی تعینات ہوئی ہیں، ہم کسی خاتون کو اے سی یا ڈی سی نہیں مانتے۔
تلخ کلامی کے دوران ایک ملزم نے اے سی کو گولی مارنے کا بھی کہا، کھینچا تانی کے دوران لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کا ہاتھ زخمی ہوا۔
اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ ماروی ملک شیر کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے ملزمان ملک عمران حیدر ولد ملک چاند پرویز سکنہ منڈیاں ایبٹ آباد ، ملک محمد عتیق اور انیس خان کو گرفتار کر کے ملزمان کی گاڑی کی جامعہ تلاشی لی گئی، دوران تلاشی ملزمان کی گاڑی سے پستول ، رپیٹر ، میگزین اور شراب برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونے والے سینٹرل سپیرئیر سروس (سی ایس ایس) کے امتحان میں ماروی ملک شیر اور سسی ملک شیر کے علاوہ تین اور بہنیں بھی اس امتحان میں کامیابی سمیٹ کر سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔
ماروی ملک شیر کی بڑی بہن لیلیٰ 2008 کے سی ایس ایس امتحان میں کامیاب ہوئی تھیں، شیریں ملک 2010 کے مقابلے کے امتحان میں کامیاب ہوئیں۔
2017 کے مقابلے کے امتحان میں سسی ملک اور ماروی ملک کامیاب رہیں جبکہ ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس 2019 میں کامیاب ہونے والی ایک ہی گھر کی پانچویں بہن ہیں۔
یہ خاندان مقابلے کا امتحان پاس کر کے سی ایس ایس کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام رکھتا ہے۔
Comments are closed.