ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اسرا یونیورسٹی حیدرآباد میں انتظامی بحران کے سبب میڈیکل سمیت تمام شعبوں میں داخلے فوری طور پر روک دیے ہیں۔
ایچ ای سی کی طرف سے اس فیصلے کا اطلاق کراچی اور اسلام آباد کیمپس پر بھی ہوگا۔
بتایا جاتا ہے کہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار نے اسرا یونیورسٹی حیدرآباد میں جاری بحران کے پیش نظر دونوں گروپس کو بلایا تھا۔
انہوں نے گروپس کو اختلافات ختم کرنے اور معاملات بہتر کرنے کے لیے دو گھنٹے کا وقت دیا تاہم اختلافات برقرار رہے۔
چیئرمین ایچ ای سی نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا اور فوری طور پر اسرا یونیورسٹی کے میڈیکل سمیت تمام شعبوں میں داخلے روک دیے۔
ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر بھی داخلوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ دو ماہ کا وقت دیا گیا ہے کہ ایچ ای سی نے متنبہ کیا ہے کہ معاملات کو ٹھیک کرلیں ورنہ یونیورسٹی کو بند کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے رجوع کیا جائے گا۔
ایچ ای سی نے مزید کہا ہے کہ داخل طلبہ کو قریبی جامعات میں منتقل کر دیا جائے گا تاکہ ان کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔
Comments are closed.