پیر 22؍ربیع الاوّل 1445ھ9؍اکتوبر 2023ء

اسرائیل کے غزہ پر حملے، 1 ہی خاندان کے 19 افراد شہید

اسرائیل کی جانب غزہ پر رات بھر حملے کیے گئے جس میں 1 ہی خاندان کے 19 افراد شہید ہو گئے۔

اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت کے باعث غزہ میں 1 لاکھ 23 ہزار فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔ 

اسرائیلی بمباری سے 159 ہاؤسنگ یونٹس مکمل تباہ اور 1210 گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

انسانی امور سے متعلق یو این آفس نے  ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اسکول پر براہِ راست بم باری کی ہے، بم باری کا نشانہ بنائے گئے اسکول میں 225 فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔

دوسری جانب امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل 48 گھنٹے کے اندر غزہ میں زمینی کارروائی کرے گا۔

کراچی حماس نے ہفتے کو علی الصبح اسرائیل کیخلاف…

واضح رہے کہ 2 روز قبل حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔

حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ’آپریشن الاقصیٰ طوفان‘ کے تحت فلسطینی مجاہدین کی بڑی تعداد غزہ کی سرحد پر موجود باڑ ہٹاتے ہوئے زمینی راستے سے اسرائیل کے شہر اشکلون سمیت جنوبی شہروں میں داخل ہوئی جبکہ سمندری راستے اور پیراگلائیڈرز کی مدد سے بھی متعدد حماس ارکان نے حملہ کیا۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حملے میں اب تک اسرائیل کے سینئر فوجی افسر سمیت 600 سے زیادہ اسرائیلی مارے گئے ہیں۔

اسرائیل نے بریگیڈ کمانڈر سمیت 700 سے زیادہ اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ حماس سے پہلے دن کی لڑائی میں 30 اہل کار مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 413 ہو گئی ہے، 2 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.