جمعرات 16؍شعبان المعظم 1444ھ9؍مارچ 2023ء

اسرائیل نے مسلم ممالک انڈونیشیا، صومالیہ، نائیجر، موریطانیہ سے دوستی کیلئے ہاتھ بڑھا دیا

اسرائیل ابراہم معاہدوں کو وسعت دینے کیلئے مسلم ممالک انڈونیشیا، صومالیہ، نائیجر اور موریطانیہ سے بات چیت کر رہا ہے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے فی الوقت پیشرفت رکی ہوئی ہے۔

اس دوران وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر خارجہ ایلائی کوہن دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ معاہدوں کو وسعت دینے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ آئندہ مہینوں میں 4 مسلم ممالک کا ابراہم معاہدوں میں شمولیت کا امکان ہے۔

ان مذاکرات میں امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیداران بشمول سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن، جیک سلیوان اور آموس ہوچسٹائن بھی حصہ لے رہے ہیں۔

اسرائیل اور موریطانیہ کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کیلئے اہم مذاکرات ہو رہے ہیں، پچھلے ہفتے وزیر خارجہ ایلائی کوہن نے اپنے جرمن ہم منصب سے ملاقات میں کہا تھا کہ موریطانیہ اور نائیجر کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے ہماری معاونت کی جائے۔

خیال رہے کہ موریطانیہ کے ماضی میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات رہ چکے ہیں۔

اب یروشلم پہلے مرحلے میں صومالیہ اور نائیجر کے ساتھ درمیانے درجے کے تعلقات قائم کرنے کیلئے کام کر رہا ہے کیونکہ ان ملکوں کے اسرائیل کے ساتھ کبھی بھی تعلقات نہیں رہے۔

انڈونیشیا اور اسرائیل کے درمیان حالیہ عرصے میں تجارت، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں غیر سرکاری تعلقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.