پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کو خاطر میں نہیں لاتا۔
اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کےلیے مسلم لیگ (ق) نے لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر مظاہرین نے فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی شدید مذمت کی۔ شرکاء سے چوہدری سرور اور چوہدری شافع حسین نے خطاب کیا۔
چوہدری شافع حسین نے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں اسپتال تک تباہ ہوگئے ہیں، ہمیں ہر فورم پر اہل فسلطین کے حق میں آواز اٹھانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن اسلامی ممالک نے اسرائیل سے تعلقات قائم رکھے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اسے ختم کردیں۔
اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم آزادی تک اُن کا ساتھ دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسپتالوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، وہاں یونیورسٹیاں، کالجز اور اسکول تباہ ہوگئے ہیں۔
ق لیگ کے چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی ڈیمانڈ ہے کہ ہمارا علاقہ ہمیں واپس دے دو، اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کو خاطر میں نہیں لاتا۔
انہوں نے کہا کہ پوچھتا ہوں جیسا اسرائیل کر رہا ہے، اگر کوئی اور ملک ایسا کرتا تو کیا عالمی دنیا اسی طرح آنکھیں بند کرلیتی؟
Comments are closed.