اسرائیل حماس جنگ میں حزب اللّٰہ بھی شامل ہو گئی۔
ایک بیان میں حزب اللّٰہ نے کہا ہے کہ حزب اللّٰہ کے عماد مغنیہ یونٹ نے 3 اسرائیلی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا، تینوں اسرائیلی فوجی چوکیاں مقبوضہ شیبہ فارمز میں واقع ہیں۔
حزب اللّٰہ نے یہ بھی کہا ہے کہ درجنوں راکٹ اور گولے 3 اسرائیلی پوزیشنز پر داغے ہیں، فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسرائیلی پوزیشنز پر راکٹ فائر کیے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان کی سرحد کے ساتھ حزب اللّٰہ کے ٹھکانے پر حملہ کیا۔
دوسری جانب القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مشن مکمل کر کے عسکریت پسند واپس آ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔
حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا جس میں فوجیوں سمیت 290 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ’آپریشن الاقصیٰ طوفان‘ کے تحت فلسطینی مجاہدین کی بڑی تعداد غزہ کی سرحد پر موجود باڑ ہٹاتے ہوئے زمینی راستے سے اسرائیل کے شہر اشکلون سمیت جنوبی شہروں میں داخل ہوئی جبکہ سمندری راستے اور پیراگلائیڈرز کی مدد سے بھی متعدد حماس ارکان نے حملہ کیا۔
Comments are closed.