وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی اور بھارتی حکومتیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی حمایت کر رہی ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اسرائیل کے ایجنٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے پیچھے کون سے عناصر تھے، سب کچھ عیاں ہوچکا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی کہانی کے پیچھے اور بھی بہت کچھ ہے۔ آج چیئرمین پی ٹی آئی اسرائیل اور مودی کے بہترین دوست ہیں، اسرائیلی حکومت 9 مئی واقعات پر اقوام متحدہ چلی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ میں پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا، ثابت ہوگیا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کا کیا مقصد تھا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کی کبھی مذمت نہیں کی، ملک دشمن عناصر اُن کی حمایت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے پس پردہ عناصر کا پتا چل گیا ہے، وہ اسرائیل پاکستان پر تنقید کے تیر برسا رہا ہے جس کے بارے میں رپورٹس آچکی ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور اسرائیلی لابی ایک دوسرے کے اتحادی ہیں، انتہائی دائیں بازو کی اسرائیلی اور بھارتی حکومتیں چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کر رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اسرائیل کے ساتھ دوستی کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں، وہ آج انسانی حقوق کا سفیر بنتے ہیں لیکن عمل اس کے برعکس کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فریال تالپور کو ان کے دور میں اٹھا کر دہشت گردوں کی طرح لے جایا گیا، شہید بھٹو کو پھانسی دی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کے خلاف نہیں سوچا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسوں میں امریکی سائفر لہرایا، 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو بھی نہیں چھوڑا گیا، یہ چاہتے تھے آئی ایم ایف اور پاکستان کا معاہدہ نہ ہو۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت ثبوت ہے کہ یہ ایجنٹ ہیں، تمام واقعات کے تانے بانے پاکستان مخالف قوتوں سے ملتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ میں کہا کہ پاکستان میں سیاسی آزادی نہیں۔
Comments are closed.