وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت پاک چین ریلیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور بریفنگ دی گئی۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سی پیک کے تحت توانائی، انفرااسٹرکچر اور صنعتی تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے دوران وزارت توانائی نے چین کے تعاون سے 6 پاور منصوبوں کے لیے مالی وسائل کی مدت میں توسیع پر بریفنگ دی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا کہ منصوبوں کے معاملات سی پی پی اے بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔
پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ مٹیاری، لاہور 660 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے لیے رائٹ آف وے کا معاملہ طے ہوچکا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سکھی کناری پن بجلی منصوبے کے آپریشنل معاملات کے فوری حل کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری مواصلات کا کہنا تھا کہ شمالی الائنمنٹ کے لیے تھاکوٹ، رائے کوٹ شاہراہ کی دوبارہ الائنمنٹ اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے لیے دونوں حکومتوں نے تکنیکی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments are closed.