پیر27؍ربیع الاول 1444ھ24؍اکتوبر 2022ء

اسد عمر کی درخواست، الیکشن کمیشن کو عدالتی فیصلے تک حتمی حکم جاری نہ کرنے کی ہدایت

سندھ ہائی کورٹ نے توہینِ الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ عدالتی فیصلے تک کوئی حتمی حکم جاری نہ کرے۔

دورانِ سماعت درخواست گزار اسد عمر کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر جواب جمع کرا دیا، تاہم الیکشن کمیشن نے اسد عمر کا جواب مسترد کر دیا۔

اسد عمر کے وکیل نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن اسد عمر اور دیگر پر فردِ جرم عائد کرنے جا رہا ہے، الیکشن کمیشن عدالت نہیں جو فردِ جرم عائد کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان، فواد چوہدری اور انہیں ملنے والے نوٹس کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کارروائی جاری رکھے، تاہم عدالتی فیصلے تک کوئی حتمی حکم جاری نہ کرے۔

عدالتِ عالیہ نے اسد عمر کی درخواست کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.