وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ عدم اعتماد کی تحریک کا نہیں ہونا، اب فیصلہ یہ ہونا ہے کہ عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے یا چند ضمیر فروش سیاست داں اور ان کے بیرونی آقا کریں گے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت کے 3 سال کے دور میں زراعت سمیت روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا، ن لیگ کے 1 سال کے مقابلے میں ہماری حکومت میں روزگار کے اضافے کی شرح 62 فیصد رہی، اِن 3 سال میں 11 لاکھ افراد کو بیرونِ ملک بھی ملازمت ملی۔
انہوں نے کہا کہ 5 سال میں 1 کروڑ روز گار دینے کا اعلان کیا تھا، ہماری اوّلین ترجیح نوجوانوں کے لیے روز گار کے مواقع فراہم کرنا تھا، زراعت کے شعبے میں جو ترقی ہوئی وہ ماضی میں کبھی نہیں ہوئی، تمام بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، کاشت کار کو قیمت مل رہی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ پچھلے ادوار میں فیصل آباد میں سریے کے دام میں ٹیکسٹائل مشینری مل رہی تھی، ٹیکسٹائل کے شعبے میں ریکارڈ ایکسپورٹس ہو رہی ہیں، پوری دنیا کورونا وائرس کی وباء کی لپیٹ میں آئی، دنیا نے اس صورتحال میں پاکستانی اقدامات کو سراہا، اعداد و شمار کےمطابق ہم اس سال 5 فیصد سے زیادہ جی ڈی پی گروتھ دیکھ رہے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر پالیسیاں ایسے ہی چلتی رہیں تو مجھے یقین ہے کہ 1 کروڑ نوکریوں کے قریب پہنچ جائیں گے، تعمیراتی شعبے کو اٹھانے کے لیے وزیرِ اعظم نے خود لیڈ کیا، کہاگیا تھا کہ 5 سال میں ایک کروڑ روزگار دیں گے، ہمارا مذاق اڑایا گیا، جیسے عمران خان نے ڈی چوک میں کھڑے ہو کر ملازمتیں دینی تھیں، پاکستان میں گزشتہ 2 سال میں 32 لاکھ ملازمتیں بڑھیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیداواری شعبے پر پالیسی کو مرکوز کیا، جس میں روزگار کے ساتھ برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے، گزشتہ 3 سال کے دوران زرعی شعبے میں ترقی ہوئی، مسلم لیگ ن نے 5 سال میں کسانوں کے لیے گندم کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ کیا، ہماری حکومت نے 3 سال میں گندم کی قیمت میں کسانوں کو 9 سو روپے اضافہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے دورمیں برآمدات میں جتنا اضافہ ہوا ہمارے ایک سال میں ہوا، 2 حکومتوں کے برآمدات کے فروغ کے 10 سال ایک طرف، ہمارا رواں سال ایک طرف ہو گا۔
اسد عمر کا مزید کہنا ہے کہ 3 سال سے سن رہے ہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف پٹ گئی، ختم ہو گئی، ہر سروے میں عمران خان مقبولیت میں پہلے نمبر پر ہیں، اتوار تک ہماری حکمتِ عملی مربوط ہے، سمجھ آتی ہے کہ بیرونی طاقت کہتی ہے کہ عمران خان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے، یہ بھی کہتے ہیں کہ تحریکِ عدم اعتماد ناکام ہوئی تو برا ہے۔
کرکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ امام الحق اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی، ان شاء اللّٰہ فتح پاکستانی قوم کی ہو گی۔
Comments are closed.