بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسد عمر بھی انتہا پسندوں کے سامنے نعرہ تکبیر بلند کرنے والی لڑکی کے معترف

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر بھی کرناٹک میں کالج جاتے ہوئے انتہا پسندوں کے  سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے والی بہادر لڑکی مسکان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر مسکان کی تعریف میں ایک بیان جاری کیا۔

وفاقی وزیر نے لکھا کہ ’سلام اس بچی کی بہادری پر ،بھارت کے حالات دیکھ کر قائد اعظم، ان کے ساتھیوں اور اپنے بزرگوں کی قدر میں اور اضافہ ہوجاتا ہے ،جنہوں نے ہمیں آزادی میں زندگی گزارنے کے لئے قربانی دی۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے سوشل میڈیا پر ایک نہتی لڑکی کے انتہا پسندوں کے سامنے ’اللہ اکبر‘ کے نعرے کی ویڈیو تیزی سے گردش کررہی ہے۔

بھارتی ریاست کرناٹک میں انتہا پسندوں کا تنہا سامنا کرنے والی طالبہ مسکان کی ویڈیو ٹوئٹر پر اپلوڈ کرنے والے محمد زبیر کو وارننگ مل گئی۔

ایک نہتی باحجاب طالبہ مسکان کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں جنونی ہندو طلبا کے ہراساں کرنے پر ڈرنے کے بجائے مسکان نعرہ تکبیر بلند کرتی ہیں۔

مسکان کی بہادری پرجمعیت علماء ہند کے سربراہ مولانا محمود مدنی نے 5 لاکھ بھارتی روپے انعام کا اعلان کیا۔

کانگریس رہنما پریانکا گاندھی نے کرناٹک میں باحجاب طالبات کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی پر بیان جاری کردیا۔

انتہا پسند ہندوؤں کا بہادری سے سامنا کرتی دکھائی دینے والی نہتی مسلم طالبہ مسکان ریاست کرناٹک کے علاقے مانڈیا کی پری یونیورسٹی کالج کی طالبہ ہے۔

دوسری جانب نوبیل انعام یافتہ پاکستانی خاتون ملالہ یوسفزئی نے بھی باحجاب طالبات کے اسکول میں داخلے پر عائد پابندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حجاب والی لڑکیوں کو اسکول میں داخل ہونے سے روکنا خوفناک ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.