بھارت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے گجرات فسادات میں سبق سکھانے کے بیان پر وزیر داخلہ امیت شاہ کو آئینہ دکھا دیا۔
اویسی نے امیت شاہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے نشے میں ڈوب کر آج بھارت کے وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے سبق سکھایا۔
اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر لوگ بھول جاتے ہیں اقتدار ہمیشہ کسی پاس نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی، احسان جعفری کا قتل اور دلی فسادات کون کون سا سبق یاد رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں سبق سکھانا کچھ نہیں ہوتا، عمل اسی وقت مضبوط ہوتا ہے جب مظلوموں سے انصاف ہوتا ہے۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ 2002 میں سبق سکھایا کہ بلقیس بانو سے زیادتی کے مجرموں کو آپ چھوڑ دیں گے، اس کی بیٹی کے قتل اور اس کی ماں سے زیادتی کے مجرموں کو آپ چھوڑ دیں گے، احسان جعفری کے قتل کا سبق آپ نے سکھایا، کون کون سا سبق آپ کا ہم یاد رکھیں؟
خیال رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گزشتہ روز گجرات فسادات کو مودی کا سبق قرار دیتے ہوئے ہرزہ سرائی کی تھی کہ مودی نے 2002 میں سماج دشمن عناصر کو سبق سکھایا جس کے بعد کسی کو فساد کی ہمت نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ 2002 میں گجرات میں ہوئے فسادات میں ایک ہزار سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
Comments are closed.