وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اسحاق ڈار کے وطن واپس آنے اور وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے کے مثبت نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان نے روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے تاہم اسحاق ڈار کو ماضی میں ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا تجربہ ہے ضرورت پڑی تو ضروری قانون سازی کرکے معاشی حالات بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ میاں نواز شریف بھی اپنی صحت اور قانونی معاملات کو دیکھ کر عنقریب پاکستان آئیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگی بجلی مل رہی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت نے پاکستان میں سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے شمسی توانائی کا 10 ہزار میگاواٹ کا منصوبہ شروع کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 6 سو میگا واٹ کی شمسی توانائی کا منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں دنیا بھر کی کمپنیوں کو بڈنگ کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز جاپان کے وزیر توانائی سے بھی کہا ہے کہ جاپانی کمپنیاں پاکستان کے اس 6 سو میگاواٹ منصوبے میں بڈنگ کرسکتی ہیں۔
خرم دستگیر خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے دو سے تین سالوں میں 10 ہزار میگاواٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی نے وزیر اعظم ہاوس میں آڈیو لیک کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس سے لیک ہونے والی آڈیو لیک قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔
اس کی تحقیقات بھی ہونگی اور اسے محفوظ بھی بنائیں گے کیونکہ یہاں صرف سیاسی نہیں بلکہ قومی سلامتی کی گفتگو بھی کی جاتی ہیں۔
خرم دستگیر نے بتایا کہ وزیر اعظم صاحب کو کئی مرتبہ کہا ہے کہ پرنسپل کانفرنس روم میں بڑی بڑی کھڑکیاں ہیں یہ بات چیت کے لیے محفوظ نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کے الزامات سے فرق نہیں پڑتا ان کا کام ہی الزام تراشی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں خرم دستگیر نے کہا کہ ہماری حکومت کے 6ماہ کے دور میں ڈالر کی قدر میں اضافہ عمران خان کے عالمی اداروں کے ساتھ غلط معاہدوں کے باعث ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غلط معاہدے کیے، جن پر عمل کرکے ملک کو نقصان پہنچاجس کے نتائج عوام کو بھگتنا پڑ رہے ہیں.
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے داماد کے پاور پلانٹ کے حوالے سے میڈیا میں ہی سنا ہے حقائق سے لا علم ہوں۔
اپنے دورہ جاپان کے پروگرام کے حوالے سے خرم دستگیر نے بتایا کہ ان کی مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور چیئرمین ملک یونس اور ن لیگ کے سینئر رہنما اشرف چہل سے ملاقات ہوچکی ہے۔
انھیں خوشی ہے کہ ن لیگ جاپان میں مضبوط تنظیم ہے اور بہترین کام کررہی ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ وہ جمعرات کو ن لیگ جاپان کی جانب سے ان کے اعزاز میں تقریب میں شریک ہونگے اور جمعے کو پاکستان روانہ ہوجائیں گے،
Comments are closed.