وزیر اعظم شہباز شریف وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جو لوگ پارٹی میں رہ کر اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے جنرل کونسل کا اجلاس کئی بار مؤخر کروایا، میں اس انتظار میں تھا کہ نواز شریف پاکستان آئیں اور میں یہ ذمہ داری ان کے حوالے کروں، الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی، اس لیے آج یہ اجلاس منعقد کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مریم نواز نے جب سے چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالا، دن رات محنت کر رہی ہیں، اتحادی حکومت کو ہم سب مل کر چلا رہے ہیں، مریم نواز با ہمت بیٹی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، مسلم لیگ ن میں اب نوجوان لیڈر شپ کی ضرورت ہے، آپ دیکھیں گے جب نواز شریف واپس آئیں گے تو پاکستان میں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 20، 20 گھنٹے کی بجلی کے اندھیرے ختم کیے، نواز شریف نے جگہ جگہ موٹر ویز بنائے، نواز شریف کی غیر موجودگی میں کارکنوں نے مسلسل محنت کی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم نے جن حالات میں حکومت سنبھالی یہ پھولوں کی سیج نہیں، کانٹوں کی مالا ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھی، اتحادی حکومت نے مل کر فیصلہ کیا کہ ہم سخت حالات کا مقابلہ کریں گے، شدید مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ آج بھی سینگ پھنسے ہوئے ہیں، پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا، نواز شریف آئیں، اگلا انتخاب لڑیں اور چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں، نواز شریف ملک کی قسمت بدلیں گے، یہ میرا ایمان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کل آذربائیجان کے ساتھ گیس کا معاہدہ کیا، ہم ان مشکلات سے نکلیں گے اور نواز شریف کی قیادت میں وہی دور آئے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا مودی کامیاب ہوگا تو پاکستان کیلئے بہت فائدہ ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی نے مودی کے گیت گائے، ہم نے تو مودی کی تعریف نہیں کی اور نہ ہی گیت گائے، کشمیر پر سودا نہیں ہوسکتا۔
Comments are closed.