ترکیہ کے شہر استنبول میں دھماکے کی صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ دہشت گردی پوری دُنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، حکومت ترکیہ اور عوام کے ساتھ دہشت گردی کے واقعے کےخلاف کھڑے ہیں۔
عارف علوی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیےدعائے مغفرت، اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ترکیہ کے عوام کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تقسیم اسکوائر دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرا دکھ ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، سوگوار خاندانوں اور ترکیہ کے برادر لوگوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائدحزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد نے بھی استنبول میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی استنبول میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Comments are closed.