پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفوں کے بغیر اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لانگ مارچ نہیں بنتا، تاہم پی ڈی ایم کیلئے دعاگو ہوں۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کا اعلان پہلے بھی کیا تھا۔ عین وقت پر کہا گیا تھا کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ بنتا نہیں۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ امید ہے اب پی ڈی ایم والے پہلے استعفے دیں گے پھر لانگ مارچ کے لیے نکلیں گے، جبکہ پی ڈی ایم کے لیے دعاگو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سنجیدہ ہے تو پہلے عثمان بزدار کے خلاف پھر عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اشارہ دیا کہ کچھ عرصے میں کافی تعداد میں لوگ پیپلز پارٹی میں لوگ شامل ہوں گے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، یہ تحریک انصاف کی پہلی اور آخری حکومت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت میڈیا پر پابندیوں میں اضافہ کر رہی ہے، آزادی صحافت پر حملہ کر رہی ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ میڈیا اتھارٹی کو مسترد کرتے ہیں، پیپلز پارٹی میڈیا کے حق میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز اٹھائے گی۔
انہوں نے آزادی صحافت کے لیے عدالتوں میں جانے کا عندیہ دیا اور کہا کہ آزادی صحافت کے لیے عدالتوں میں جانا پڑا تو جائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ملک میں جلد از جلد صاف اور شفاف انتخابات کروائے جائیں۔
Comments are closed.