ٹوکیواولمپکس میں آج اپنے فائنل میچ میں ایکشن میں نظر آنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے گھر رشتہ داروں، دوستوں کا رش لگا ہوا ہے، مہمانوں کی تواضع کے لیے چکن بریانی کی دیگیں تیار کی گئی ہیں۔
ایتھلیٹ ارشد ندیم کے گھر پر مداحوں کو بےتابی سے فائنل کا انتظار ہے، ارشد ندیم کے والدین نے ٹوکیو اولمپکس فائنل کے آغاز سے قبل گھر کے سامنے ٹینٹ اور کرسیاں لگوا دیں ۔
ارشد ندیم کے گھر کے باہر ڈھول کی تھاپ پر اہل علاقہ کا رقص کیا جارہا ہے جبکہ ارشد ندیم کے گھر ڈھول کے ساتھ شہنائی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
ارشد ندیم کے والد کا کہنا ہے کہ بڑی خواہش ہے کہ میرا بیٹا اولمپکس میں میڈل جیتے، ارشد نے بڑی محنت کی ہے ،اللہ اسے کامیاب کرے ، امید ہے ارشد جیت کر پاکستان کا نام روشن کرےگا۔
اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ہم سب کی دعائیں ارشد ندیم کے ساتھ ہیں۔
میاں چنوں میں ارشد ندیم کے گھر آئے مہمانوں کی تواضع کے لئے چکن بریانی کی دیگیں بھی تیار کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی تمغہ حاصل کرنے کی آخری امید ارشد ندیم آج ایکشن میں نظر آئیں گے، جیولین تھرو (نیزا بازی) کے مقابلے میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا بھارت کے تھرور نیرج چوپڑا کے ساتھ سخت مقابلہ متوقع ہے۔
ارشد ندیم کی کامیابی کے لیے پوری قوم دعاگو ہے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کررہی ہے، جیولین تھرو کے فائنل مقابلے آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
Comments are closed.