ہفتہ9؍ربیع الثانی 1444ھ 5؍نومبر 2022ء

ارشد شریف کے قتل سے جڑے 2 بھائیوں سے متعلق تحقیقات کا آغاز

صحافی ارشد شریف کے قتل سے جڑے دو بھائیوں سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اتھارٹیز نے خرم احمد اور وقار احمد کا سفری ریکارڈ حاصل کر لیا ہے، پاکستان میں موجودگی کے دوران خرم احمد کے رابطوں کی تحقیقات ہوں گی۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ 2022ء کے 10 ماہ میں خرم احمد مختصر مدت کے لیے 4 مرتبہ پاکستان آئے، ارشد شریف 10 اگست کو ملک سے باہر گئے تو خرم احمد پاکستان میں موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ خرم احمد نے 19 اگست کو کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کینیا کا سفر کیا جبکہ صحافی ارشد شریف 20 اگست کو دبئی سے کینیا پہنچے تھے۔

امیگریشن ریکارڈ کے مطابق خرم احمد 3 اکتوبر کو پھر کراچی آئے اور 7 اکتوبر کو دبئی کے لیے روانہ ہوئے۔

تفتیشی ذرائع نے کہا کہ وقار احمد آخری بار 18 دسمبر 2017ء کو پاکستان آئے تھے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کے وقت گاڑی چلانے والے خرم احمد سفری ریکارڈ کو تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا۔

واضح رہے کہ 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب کینیا میں موجود صحافی ارشد شریف کو گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

27 اکتوبر کو ارشد شریف کی نماز ِجنازہ اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ادا کی گئی تھی جس کے بعد انہیں ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.