وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کی میت پاکستان روانہ کر دی گئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے کینیا کے صدر سے گفتگو کے نتیجے میں قانونی امور تیزی سے انجام پائے۔
انہوں نے بتایا کہ ارشد شریف کی میت کی روانگی کے موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نے کئی گھنٹے موجود رہ تمام مراحل کی نگرانی کی۔
سیدہ ثقلین میت روانگی تک نیروبی ایئر پورٹ پر ہی موجود رہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قانونی مراحل کی تکمیل کے بعد ارشد شریف کی میت کو پاکستان روانہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا، کینیا میں پاکستان کی سفیر قانونی کاغذات مکمل کرنے میں مصروف ہیں، کاغذی کارروائی مکمل ہوتے ہی ارشد شریف کا جسد خاکی وطن واپس لایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی آج رات اسلام آباد پہنچانے کی کوشش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے درخواست کی تھی ارشد شریف کا جسد خاکی جلد وطن واپس بھجوایا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو تمام پیش رفت سے مسلسل باخبر رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کینیا میں قتل کیے گئے سینئر پاکستانی صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے حوالے سے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ارشد کو پولیس نے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا۔
Comments are closed.