
پاکستان کے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے اتوار کی رات کو کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے بعد سے پاکستان اور مرحوم صحافی کینیا میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگئے ہیں۔
کینیا میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز دیکھ کر یہ پتہ چلتا ہے کہ یہ المناک واقعہ کینیا کے عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
کینیا کی پولیس کی جانب سے پاکستانی صحافی کی نیروبی میں المناک موت کے حوالے سے جاری کردہ بیان کے بعد سے ملک میں ٹوئٹر پر ’پاکستان‘ اب تک 424,200 ٹوئٹس کےساتھ جبکہ ’ارشد شریف‘ 389,100 ٹوئٹس کے ساتھ ٹاپ ٹوئٹر ٹرینڈز میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کینین پولیس حکام نے پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کی اور پاکستان صحافی کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی ان کا رشتے دار چلا رہا تھا، مگادی ہائی وے پر پولیس نے صحافی کی گاڑی کو روکنے کے لیے چھوٹے پتھر رکھ کر روڈبلاک کیا تھا۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف کی کار روڈ بلاک ہونے کے باوجود نہیں رکی، پولیس آفیسرز نے کار نہ رکنے پر فائرنگ کی۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کار پر 9 گولیاں فائر کی گئیں، جن میں سے ایک ارشد شریف کے سر میں لگی۔
Comments are closed.