منگل 11؍جمادی الاول 1444ھ 6؍دسمبر 2022ء

ارشد شریف قتل پر عدالتی کمیشن کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھا: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر عدالتی کمیشن بنانے کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جرنلسٹس سیفٹی فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کے واقعے پر کینیا کے صدر سے بات کی تھی، آزادیٔ اظہارِ رائے ہر معاشرے کے لیے اہم ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر از خود نوٹس لے لیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صحافیوں کے حقوق کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے، پاکستان نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی بھی کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ صحافیوں کے لیے حکومت، میڈیا اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ کینیا میں موجود صحافی ارشد شریف کو 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

کینیا پولیس کی جانب سے ارشد شریف کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دے کر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔

سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے حوالے سے ایف آئی اے نے آج مجھے بلایا تھا، 10 سوالوں پر مبنی سوالنامہ دیا گیا، یہ سوالنامہ میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کروں گا۔

ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران پر مشتمل ٹیم صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے 28 اکتوبر کو کینیا گئی تھی۔

مذکورہ ٹیم ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کینیا سے پاکستان واپس پہنچ چکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.