بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ارسا پانی کی منصفانہ تقسیم نہیں کر رہا ، نثار کھوڑو

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ ارسا پانی کی منصفانہ تقسیم نہیں کررہا ہے سندھ میں پانی کی شدید قلت ہے کاشتکار پریشان ہیں، کوٹری بیراج ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج صفر ہے۔

ایوان زراعت سندھ کے دفتر میں آبادگاروں سے ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ پاکستان کی معیشت زراعت سے چلتی ہے اور وفاق سندھ کے حصے پر ڈاکہ ڈال رہا ہے،۔

انہوں نے کہا کہ ارسا کی جانب سے سندھ کے حصے کا پانی فراہم نہ کئے جانے کے سبب آبادگار شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور سندھ کی زراعت تباہ ہو رہی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ قلت آب کے باعث سندھ میں وارا بندی پرخونی تصادم ہورہے ہیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم کاشتکاوں کیساتھ ملکر کوئی تحریک چلائیں۔

اس موقع پر آبادگاروں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دئیے، آبادگاروں کا کہنا تھا کہ مختلف نہروں سے من پسند افراد کو پانی دیا جارہا ہے جبکہ ارسا سندھ کا پانی بھی پنجاب کو دے رہا ہے۔

آبادگاروں کا کہنا تھا کہ ارسا کے چیئرمین نے اگر استعفیٰ نہ دیا تو احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.