پیر 26؍محرم الحرام 1445ھ14اگست2023ء

اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کا پنشن اور واجبات کی ادائیگی کیلئے احتجاج

اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ ملازمین نے اپنی پنشن اور بعد از ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی کے مطالبات کی منظوری کیلئے اردو یونیورسٹی کے گلشن اقبال کیمپس میں وائس چانسلر آفس میں احتجاج ریکارڈ کر وایا۔ 

انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس نے ریٹائرڈ ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس احتجاج میں شرکت کی۔ احتجاج کرنے والے اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کے احتجاجی بینرز پر پنشن اور واجبات کی ادائیگی اور پنشن فنڈ میں غبن کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر تعلیم سے مطالبات درج تھے۔ 

اس سے قبل ریٹائرڈ اساتذہ اور دیگر ملازمین کا خصوصی اجلاس شعبہ کیمیا گلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہوا۔ یہ اس سلسلہ کا دوسرا اجلاس تھا۔ 

اس سے قبل ایک اجلاس عبدالحق کیمپس میں بھی منعقد ہوچکا ہے۔ اجلاس میں شرکاء نے پنشن کی تاخیر سے ادائیگی اور موجودہ ماہ کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ 

اجلاس میں گزشتہ 2 سال سے زیادہ عرصہ کے دوران ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اب تک واجبات کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔ اجلاس میں منظور ہونے والی قرارداد کی روشنی میں تمام شرکاء نے وائس چانسلر آفس کی طرف ریلی نکالی اور وائس چانسلر سے ملنے کے لیے ان کے آفس پہنچ کر یہ ریلی اختتام کو پہنچی، تاہم وائس چانسلر اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے۔ 

شرکاء کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی اکثریت کے پاس اس مہنگائی کے دور میں گزر بسر کے لیے پنشن کے علاوہ کوئی دوسرا ذریعہ نہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر ان کے مسائل کو حل نہیں کیا جاتا تو وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے اس احتجاج کے دائرہ کو وسیع کریں گے اور ضرورت پڑی تو اپنے طلبہ سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ بھی ان کی مدد کو آئیں اور اپنے اساتذہ کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کردار اداکریں۔ شرکاء نے طے کیا کہ یہ احتجاج پنشن اور واجبات کی ادائیگی تک جاری رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.