منگل23؍ذیقعد 1444ھ13؍جون2023ء

اردوان کیساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں: شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ بہت قربت سے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

ایک انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر زبردست کامیابی پر مبارک باد دیتا ہوں، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے 3 سال میں باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالرز تک بڑھانے کی کوشش کریں گے، دونوں ملک یک جان 2 قالب ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔

 شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی، ترک سرمایہ کار شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں، ان کو پن بجلی کے منصوبوں کے لیے بھی دعوت دیتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور ایران کے درمیان ریل روڈ نیٹ ورک منصوبہ اہم ثابت ہو سکتا ہے، ترکیہ کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی افرادی قوت دونوں ملکوں کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں جنیوا کانفرنس میں اظہارِ ہمدردی سے متاثر ہوا، ہم اکٹھے تعمیرِ نو کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے اور فصلیں تباہ ہوئیں، تعمیراتی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ترکیہ نے کشمیر کاز کی ہمیشہ غیر مشروط حمایت کی، ہم نے چند ٹھوس اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں اس سال گندم کی شاندار فصل رہی، ہمیں زیادہ مقدار میں گندم درآمد نہیں کرنی پڑے گی، جس پر اربوں ڈالرخرچ ہوتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ اس سال ہماری کپاس کی فصل بھی بہت اچھی ہو گی، کپاس کی پیداوار میں اضافے سے بڑی حد تک اپنی ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام پر گرفتار کیا گیا، ان کی ہدایت پر شر پسندوں نے ملک کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.