ترک صدر رجب طیب اردوان کا روسی صدر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، اس حوالے سے ترک صدارتی دفتر نے بتایا کہ ترک اور روسی صدور نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس موقع پر ترک صدر نے جنگ بندی، انخلا کی محفوظ راہداریوں اور امن معاہدے کی اہمیت پر زور دیا۔
ترک صدارتی دفتر نے مزید بتایا کہ صدر اردوان کا کہنا تھا کہ یوکرین تنازع کے پُرامن حل میں ترکی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، یوکرین میں فوری جنگ بندی تشویشناک انسانی صورتحال کو کم کردے گی۔
دوسری جانب کریملن کا کہنا ہے کہ ترک صدر اردوان کا روسی صدر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
اس موقع پر صدر پیوٹن نے کہا کہ روس یوکرین اور غیرملکی ساتھیوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، یوکرین میں فوجی آپریشن منصوبے اور شیڈول کے مطابق ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کی طرف سے لڑائی بند کرنے پر ہی یوکرین میں فوجی آپریشن رُکے گا۔
صدر پیوٹن کے مطابق روس، یوکرین کا مذاکراتی عمل ختم کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی۔
انہوں نے کہا امید ہے یوکرین کے مذاکرات کار مزید تعمیری نقطہ نظر اختیار کریں گے اور حقائق مدنظر رکھیں گے۔
Comments are closed.