شاہ عبد اللّٰہ نے اردن کی حکومت کو ملک کے نئے انتظامی دارالحکومت کی تعمیر کیلئے ٹائم ٹیبل مقرر کرنے کا کہہ دیا۔
مجوزہ شہر دارالحکومت عمان کے مشرق میں تعمیر ہوگا، یہ حکومت کی طرف سے حالیہ دہائیوں میں منصوبہ بندی کیا گیا نیا میگا پراجیکٹ ہے۔
دیگر پروجیکٹس میں پانی صاف کرنے کے پلانٹ اور آئل ریفائنری شامل ہیں۔
اردن کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نئے شہر میں 10 لاکھ افراد کو آباد کیا جائے گا۔
سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہ عبد اللّٰہ نے نئے شہر کی تعمیر کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ یہ معیشت کو مضبوط کرنے کا اہم ذریعہ ہوگا۔
شاہ عبد اللّٰہ نے وزرا کو منصوبے کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر دیگر شہروں کیلئے ماڈل ہوگا اور یہاں اعلیٰ ماحولیاتی معیار قائم کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جون 2022 میں نئے شہر کی تعمیر کو معیشت کی بحالی کے منصوبے سے منسلک کیا گیا تھا۔
حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ نجی سرمایہ کاروں کو رعایتی قیمت پر زمینیں دے کر انڈسٹری، فارمنگ اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں متوجہ کیا جائے گا۔
حکومتی ترجمان فیصل الشبول کا کہنا ہے کہ نئے شہر کے تعمیراتی منصوبے مکمل ہونے میں دو برس لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 2025 میں 7 کروڑ ڈالر سالانہ کی لاگت سے انفرااسٹرکچر تعمیر کرے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نئے شہر میں 10 لاکھ افراد کو بسانے کیلئے 25 سال لگیں گے اور زیادہ تر حکومتی محکمے وہاں منتقل ہوجائیں گے۔
Comments are closed.