- مصنف, بی بی سی آئی انویسٹی گیشن، پینوراما ٹیم، دا مسنگ کرپٹو کوئین پوڈکاسٹ
- عہدہ, بی بی سی نیوز، بی بی سی ورلڈ سروس
- 58 منٹ قبل
ستمبر سنہ 2019 میں بی بی سی پوڈ کاسٹ نے بلغاریائی خاتون روجا اگناتووا کی غیر معمولی کہانی پر رپورٹنگ شروع کی تھی جو امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کو مطلوب تھیں۔غائب ہونے سے قبل انھوں نے اپنی جعلی کرپٹو کرنسی کے ذریعے سرمایہ کاروں سے ساڑھے چار ارب امریکی ڈالر کا فراڈ کیا تھا۔اب ہم ان کی تلاش کر رہے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ ان کے ساتھ کیا ہوا۔ بی بی سی آئی انویسٹی گیشن اور پینوراما نے بلغاریہ کے ایک مشتبہ منظم کرائم باس کے ساتھ روجا اگناتووا کے قریبی تعلقات اور ان ’انھیں بے دردی سے قتل‘ کیے جانے کے الزامات کا جائزہ لیا ہے۔ کیا اگناتووا نے جو اربوں ڈالر ہتھیائے تھے اس کا کچھ مزہ بھی لیا یا پھر انھیں ان لوگوں نے ہی قتل کر دیا جو ان کی حفاظت پر معمور تھے؟آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویٹ کرنے والی روجا اگناتووا بلغاریہ میں پیدا ہوئیں جبکہ جرمنی میں ان کی پرورش ہوئی۔ سنہ 2014 میں کرپٹو کرنسی ون کوائن کو شروع کرنے سے پہلے فنانس کے شعبے میں ان کا کامیاب کریئر تھا۔اگناتووا نے دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کو ون کوائن میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کیا اور انھیں یہ خواب دکھایا کہ پہلے بٹ کوئن میں جس طرح سرمایہ کاروں کو زبردست منافع ہوا تھا وہ بھی ان کی کرنسی کے منافع کے سامنے ماند پڑ جائے گا۔لیکن حقیقت میں ڈاکٹر روجا کے نام سے معرف اگناتووا نے ڈیجیٹل ریکارڈ کے بغیر چالاکی سے سرمایہ کاری کا فراڈ کیا۔جب اکتوبر سنہ 2017 میں جرمنی اور امریکہ کے تفتیش کاروں نے اگناتووا کو پکڑنا چاہا تو انھوں نے صوفیہ سے ایتھنز کے لیے صبح سویرے ریان ایئر کی فلائٹ لی اور پھر دوبارہ کبھی نظر نہیں آئیں۔پچھلے ایک سال سے بی بی سی ورلڈ سروس کی آئی انویسٹی گیشن اور پینوراما نے ان کے بارے میں مزید جاننے کی کوشش کی ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہوا۔ وہ مرچکی ہیں یا ابھی بھی زندہ ہیں؟ اور اس کے لیے اہم تھا کہ ان کے قریبی لوگوں اور ان کے اندرونی حلقے کو جانا جائے۔ایف بی آئی کے ساتھ مل کر یو ایس انٹرنل ریونیو سروس کے لیے ون کوائن کی تحقیقات کا آغاز کرنے والے رچرڈ رین ہارڈ نے بی بی سی کو ایک اہم کردار کے بارے میں بتایا اور کہا کہ تفتیش کاروں نے پہلے کبھی عوامی طور پر ان کا نام نہیں لیا۔انھوں نے بتایا وہ نام ہرستوفورس نیکوس امناتادس ہے جو عرف عام میں ’تاکی‘ کے نام سے جانے جاتے تھے۔ یہ وہ شخص ہیں جنھیں اگناتووا کی حفاظت کا کام سونپا گيا تھا۔سنہ 2023 کے آخر میں ریٹائر ہونے کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں رین ہارڈ نے ہمیں بتایا کہ ’مبینہ طور پر منشیات کا ایک بڑا آدمی ان کی حفاظت کا انچارج تھا۔‘’تاکی کا ذکر ایک سے زیادہ بار سامنے آیا، ایسا نہیں تھا کہ وہ ایک بار آیا ہو۔ ان کا نام بار بار آيا۔‘اس کا نام ہمارے پاس پہلے سے موجود معلومات سے مطابقت رکھتا تھا۔ امریکی حکومت کے وکلا نے سنہ 2019 میں اگناتووا کی سکیورٹی کے سربراہ کا ذکر کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ بلغاریہ میں جرائم کی ایک بڑی منظم شخصیت ہیں لیکن انھوں نے ان کا نام نہیں لیا تھا۔ایک اسسٹنٹ اٹارنی نے کہا کہ ’ہمارے پاس اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ بلغاریہ میں ایک بہت ہی اہم، اگرچہ اب تک کا سب سے بڑا نہیں، منشیات کا سمگلر ون کوائن سے قریبی تعلق رکھتا تھا اور وہ (روجا اگناتووا) کے ذاتی سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا۔‘امریکی حکومت کے ایک دوسرے وکیل نے کہا کہ یہ وہی ’سکیورٹی کا سربراہ‘ تھا جو اگناتووا کی ’گمشدگی میں ملوث‘ تھا۔
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.