ایشین انڈر 19 کپ میں بھارت کے خلاف سنچری بنانے والے پاکستانی بیٹر اذان اویس نے بابر اعظم کے ساتھ کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں اذان اویس نے کہا کہ بھارت کے خلاف اہم میچ میں سنچری بنانے پر کافی خوش ہوں، ٹیم سے کہا تھا کہ اگر سیٹ ہوگیا تو میچ فنش کرکے آؤں گا اور ایسا ہی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ کھیل کر کافی اچھا تجربہ ملا، جس سے پروفیشنل کرکٹ کا اندازہ ہوا، انڈر 19 ٹیم کے موجودہ کوچز نے ہمیں کافی اعتماد دیا ہے۔
پاکستانی نوجوان بیٹر نے مزید کہا کہ محمد یوسف نے ہماری تکنیک پر کام کیا اور گیم کو پرکھنا سمجھایا۔ سعید انور، محمد یوسف، ایلیسٹر کک اور کوئنٹن ڈی کوک میرے پسندیدہ بیٹرز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل بابر اعظم کو کافی فالو کر رہا ہوں، ان سے ملاقات رہی ہے، جس میں بیٹنگ تکنیک پر بات ہوئی تھی۔
اذان اویس نے یہ بھی کہا کہ بابر اعظم نے دوران گفتگو کارکردگی میں تسلسل کے بارے میں بھی بتایا تھا، خواہش ہے بابر اعظم کے ساتھ کھیلوں۔
انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ محمد یوسف سے 2 سال قبل بھی ملاقات ہوچکی تھی، انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں مجھ پر کام کیا۔
پاکستانی بیٹر نے کہا کہ محمد یوسف نے ہمیں گیپ میں کھیلنا اور مختلف تکنیک کا بتایا، جس سے فائدہ ہوا، ایک ورلڈ کلاس پلیئر بننا اور پاکستان کی تینوں فارمیٹ میں نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں انڈر 13 سے کھیل رہا ہوں، کھلاڑیوں کی ڈیولپمنٹ کے لیے ایج گروپ کرکٹ ضروری ہے، ایج گروپ کرکٹ اور مختلف کیمپس میں حصہ لے کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا، انڈر 19 ٹیموں کے دورے بہت ضروری ہیں۔
Comments are closed.