اداکار کی پُراسرار موت جس نے ہالی وڈ میں منشیات کے انڈر گراؤنڈ نیٹ ورک اور ایک ’ملکہ‘ کو بے نقاب کیا
- مصنف, مالو کرسینو
- عہدہ, بی بی سی نیوز
- 2 گھنٹے قبل
حکام کا خیال تھا کہ میتھیو پیری کی موت میں کوئی بیرونی ہاتھ ملوث نہیں ہے۔ تاہم اب یہ ابتدائی خیال غلط ثابت ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔حال ہی میں ڈاکٹروں سمیت ’فرینڈز‘ نامی سیریز سے مشہور ہونے والے ہالی وڈ اداکار میتھیو پیری کے ایک اسسٹنٹ اور امریکی حکام کے مطابق ’کیٹامین کوئین‘ کہلائی جانے والی ایک ملزمہ کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد منشیات فروشی کا ایک انڈر گراؤنڈ نیٹ ورک سامنے آیا جس نے مبینہ طور پر اس موت کو چھپانے کی بھی کوشش کی۔گرفتار کیے جانے والوں میں سے ایک ڈاکٹر سیلواڈور بھی ہیں جنھوں نے مبینہ طور پر میتھیو پیری کو ‘بیوقوف‘ تک کہا اور استغاثہ کے مطابق اداکار سے دوا کی اصل قیمت سے 165 گنا زیادہ پیسے وصول کیے گئے۔جسوین سانگھا پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر منشیات فروش ہیں جنھیں نے کیٹامین نشہ میتھیو پیری نامی ہالی وڈ اداکار کو فراہم کیا اور ان کی نشے کی لت کو منافع کے لیے استعمال کیا جس کے نیتجے میں زیادہ مقدار لینے سے ان کی موت واقع ہو گئی۔
41 سالہ جسوین سانگھا پر میتھیو پیری کو کیٹامین کے 50 وائلز 11 ہزار ڈالر کے عوض بیچنے کا الزام ہے اور سرکاری وکلا کے مطابق وہ منشیات فروش تھیں جنھیں معلوم تھا کہ وہ جو بیچ رہی ہیں وہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ جسوین سانگھا پر نو الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں کیٹامین کی فروخت اور تقسیم کی سازش کے نیتجے میں ’فرینڈز‘ نامی سیریز سے مشہور ہونے والے ہالی وڈ اداکار میتھیو پیری کی موت بھی شامل ہے۔جمعرات کے دن جسوین سانگھا عدالت میں پیش ہوئیں تو انھوں نے ان الزامات کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ یاد رہے کہ جسوین کے پاس امریکہ اور برطانیہ دونوں ممالک کی شہریت ہے۔امریکی حکام کی جانب سے جسوین کی ضمانت کی درخواست مسترد ہو جانے کے بعد وہ اکتوبر میں باقاعدہ مقدمہ کی سماعت تک زیر حراست رہیں گی۔ ان پر عائد فرد جرم کے مطابق 24 اکتوبر 2023 کو جسوین کی جانب سے فراہم کردہ کیٹامین کی وجہ سے میتھیو پیری کی موت واقع ہوئی۔
کیٹامین کیا ہے؟
واضح رہے کہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے مطابق کیٹامین سے دیکھنے اور سننے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے اور اسے استعمال کرنے والے افراد کنٹرول میں نہیں رہتے۔طبی طور پر کیٹامین کو اس لیے استعمال کیا جاتا ہے کہ انسان یا جانور، جن کا علاج کیا جا رہا ہوتا ہے، درد محسوس نہ کریں اور اپنے آس پاس کے ماحول سے عارضی طور پر کٹ جائیں۔تاہم کیس کی تفتیش کرنے والوں کا کہنا ہے کہ کیٹامین کا طبی استعمال صرف کوئی ڈاکٹر ہی کر سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب مریضوں کو یہ دوا دی جاتی ہے تو ایک ماہر مسلسل ان کا جائزہ لیتا رہتا ہے تاکہ کوئی نقصان دہ اثرات مرتب نہ ہوں۔،تصویر کا ذریعہUS District Court
ہالی وڈ کی کیٹامین ملکہ
جسوین سانگھا کے خلاف غیر قانونی طور پر کیٹامین فراہم کرنے کے الزامات کا آغاز 2019 سے ہوا تھا۔کیلیفورنیا کی سینٹرل ڈسٹرکٹ کے امریکی اٹارنی مارٹن ایسٹراڈا نے بتایا کہ ان شمالی ہالی وڈ کا گھر دراصل ’منشیات کی منڈی‘ تھی۔مبینہ طور پر جسوین کے مکان سے کیٹامین کی 80 چھوٹی بوتلیں برآمد ہوئیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں میتھ، کوکین اور زینیکس کی گولیاں بھی تلاشی کے دوران حکام کو ملی تھیں۔امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جسوین سانگھا اسی مکان میں منشیات رکھ کر ان کی پیکیجنگ کرتی تھیں اور یہیں سے منشیات کی فراہمی کی جاتی تھی۔
،تصویر کا ذریعہReutersفرد جرم میں ایرک فلیمنگ، جن کو خود بھی جسوین کے ساتھ الزامات کا سامنا ہے، کا بیان موجود ہے جس کے مطابق ایرک نے کہا کہ جسوین صرف مشہور شخصیات کو ہی منشیات فروخت کرتی تھیں۔لیکن جسوین اپنی زندگی کی جھلکیاں بھی سوشل میڈیا کی دنیا پر دکھاتی تھیں۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق جسوین کے ایک دوست نے بتایا کہ انھوں نے آسکر اور گولڈن گلوب کی تقریبات میں بھی شرکت کی۔میتھیو پیری کی موت کے تھوڑی ہی دیر بعد جسوین نے اپنی پرتعیش زندگی، پارٹیوں اور جاپان اور میکسیکو کے تفریحی دوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر نشر کی تھیں۔جس دن ان کی گرفتاری کا اعلان کیا گیا، اس سے صرف ایک دن قبل جسوین کے سوشل میڈیا اکاوئنٹ کے مطابق وہ ایک ہیئر ڈریسر کے پاس گئیں جہاں انھوں نے اپنے بالوں کو جامنی رنگ کروایا۔کیلیفورنیا سینٹرل ڈسٹرکٹ کے امریکی اٹارنی آفس نے اس انسٹاگرام پیج کی تصدیق کی ہے جہاں یہ تصاویر شائع ہوئیں۔،تصویر کا ذریعہJasveen Sangha’s social media
’اسے صرف منافع کی پرواہ تھی‘
استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ جسوین کو ڈاکٹر سیلواڈور سے علم ہوا کہ اداکار میتھیو پیری کیٹامین کے نشے کے عادی ہیں اور یوں انھوں نے انھیں نشہ فراہم کرنا شروع کیا۔ جسوین نے کیٹامین حاصل کرنے کے لیے مارک شاویز نامی ڈاکٹر سے مدد لی جو اس مقدمے میں نامزد ہیں۔استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ ڈاکٹر سیلواڈور نے ہی میتھیو پیری کے ساتھ رہنے والے اسسٹنٹ اور مقدمے میں نامزد شریک ملزم کینیتھ کو سکھایا کہ کیٹامین کا انجیکشن کیسے لگایا جاتا ہے۔اکتوبر 2023 میں جسوین سانگھا نے کینیتھ کو کیٹامین کی فراہمی شروع کی تھی اور استغاثہ کا دعوی ہے کہ وہ جانتی تھیں کہ یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔مارٹن ایسٹراڈا کا کہنا ہے کہ ملزمان کو میتھیو کی صحت سے زیادہ منافع کی فکر تھی۔ انھوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ جسوین دیگر افراد کو بھی کیٹامین مہیا کرتی تھیں۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اگر ان پر عائد الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو جسوین کو کم از کم 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ عمر قید کا امکان بھی موجود ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایک اور موت
امریکی حکام کا دعوی ہے کہ انھوں نے جسوین سانگھا کا ایک اور ایسی ہی موت سے تعلق کا سراغ بھی لگایا ہے جو 2019 میں ہوئی تھی۔عدالت میں جمع کرائی جانے والی دستاویزات کے مطابق جسوین کو علم تھا کہ وہ کوڈی مکلاری نامی جس شخص کو کیٹامین فراہم کر رہی ہیں یہ ان کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں اور بعد میں زیادہ نشے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہو گئی۔مبینہ طور پر بعد میں اسی شخص کے اہلخانہ میں سے ایک فرد نے جسوین سے رابطہ کیا اور فون پر ایک تحریری پیغام بھیجا جس میں لکھا ہوا تھا کہ ’تم نے میرے بھائی کو جو کیٹامین بیچی تھی اس نے اسے مار دیا۔ یہ اس کی موت کی وجہ کے طور پر درج کیا گیا ہے۔‘تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے چند ہی دن بعد جسوین سانگھا نے گوگل پر ایک سوال لکھا: ’کیا کیٹامین کو موت کی وجہ کے طور پر درج کیا جا سکتا ہے؟‘حکام کا کہنا ہے کہ جسوین سانگھا کو اس مقدمے میں نامزد کیا جائے گا۔
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.