صدر مملکت عارف علوی نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم سے اپیل کی ہے کہ گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں، ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کی جانب لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
صدر عارف علوی نے قوم اور عالم اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں عید ہمارے لیے امن و سلامتی اور خوشیوں کے دن لائے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعاگو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے، ہم سب اپنے ملک کیلئے درد محسوس کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے اور بخش دینے کا حکم دیتا ہے، اللّٰہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے کہ وہ نیکی اور احسان کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ قرآن ہمیشہ کیلئے ہے اور اس کے احکامات آج کے پاکستان کیلئے بر محل و باموقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں، ہم بھول گئے کہ قیامت کے دن ہم بے بس کھڑے اللّٰہ سے معافی مانگ رہے ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں معافی اور درگزر سے کام لینے کی تلقین کرتا ہے، حضور ﷺ نے بھی ہمیں دوسروں پر رحم کرنے اور معاف کرنے کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے درگزر کرنے کی ضرورت ہے، آج پاکستان کو رحم اور درگزر کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ملک پاکستان کو ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام عطا فرمائے۔
Comments are closed.