مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اتحادی ساتھ ہیں تو عمران خان ملاقاتیں کیوں کررہےہیں؟
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی عدم اعتماد کا دباؤ نہیں، تو کیا وزیر اعظم عمران خان کو جہانگیر ترین کی خراب طبیعت کا آج معلوم ہوا ہے؟
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت تو اس وقت بھی خراب تھی، جب خود وزیر اعظم انہیں گرفتار کروانے کی کوشش کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اراکین کو ٹکٹ کا جو وعدہ کیا ہے، اس پر عمل کریں گے، حکومت کو جتنی بھاگ دوڑ کرنی ہے کرلے، ان کا جانا ٹہر گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نون لیگ نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، چاہے تو پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنادیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی، جہانگیر ترین علاج کے لیے لندن گئے ہوئے ہیں۔
جہانگیر ترین طبیعت ناسازی کے باعث علاج کے لیے دو روز قبل ایئر ایمبولینس کے ذریعے لندن روانہ ہوئے تھے۔
Comments are closed.