جمعہ30؍محرم الحرام 1445ھ18؍اگست 2023ء

اتحاد، خود اعتمادی کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 14 اگست صرف سیاسی آزادی کا جشن نہیں ہے، ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، یوم آزادی پر ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔

پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے مرد، عورتوں اور بچوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں نے حصولِ پاکستان کے عزم اور لگن کی عالیشان مثال قائم کی تھی، پاکستان کے اس قیمتی تحفے کے لیے ہم ان عظیم رہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد ایسے خیال کی عکاس ہے جس کی جڑیں بہتر کل کی امید پر مبنی ہیں، یہ خیال ایک ایسے ملک کے لیے تھا جہاں ہمارے لوگ اپنی صلاحیتوں کو تلاش کر سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تصور عظیم تھا، ہم اپنی شاندار روایات، اخلاقیات، ثقافت اور اقدار کے مطابق امن اور خوشحالی کی زندگی گزار سکیں۔

قائد اعظم نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں، قائد اعظم نے ایک پُرامن جمہوری اور سیاسی جدوجہد کی قیادت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری ظالمانہ بھارتی قبضے کے خلاف مستقل جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی جابرانہ قبضے کے خلاف غیر معمولی جذبے اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا، بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، ہم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازعے کے پرامن حل کی وکالت کرتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.