پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اب ہم کسی آقا کو پاکستان میں مسلط نہیں ہونے دیں گے، اگر کل کسی اور کو مسلط کیا گیا تو اسے بھی گریبان سے پکڑ کر اتاریں گے۔
ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پچھلی حکومت میں کسی ایک بھی میگا پروجیکٹ کا افتتاح نہیں دیکھا، موجودہ حکومت کے ایک سال میں صرف افتتاح نہیں ہوئے بلکہ کام بھی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں ایسی حکومت آئی جس نے ترقی کا پہیا جام کر دیا، ہم نے سر اٹھا کر سیاست کی ہے، ملک کی ترقی کے پہیے کو جام کرنے والوں سے استقامت سے مقابلہ کیا۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے ترقی کے پہیے کو جام کیا ان کو ہم نے نکالا، ہم نے کل بھی ناجائز حکومت کو چیلنج کیا اور آئندہ بھی ایسا ہی کریں گے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کر دیا گیا، معیشت کا ڈھانچہ بیٹھ گیا، آج پورے پاکستان میں میگا پروجیکٹ پر دوبارہ کام شروع ہو گیا ہے، ووٹ اور الیکشن کا حق عوام کو جلد ملے گا، عوام سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پچھلی حکومت نے سی پیک کو روک کر اپنے آقاؤں سے وفاداری نبھائی ہے، جب تک تمہارے پاس ظلم کرنے کی طاقت ہے تب تک ہمارے پاس لڑنے کی طاقت ہے، جعلی حکومت کو پہلے مانا ہے نہ آئندہ مانیں گے۔
Comments are closed.