پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور آزاد کشمیر کے رہنما مقبول گجر کا کہنا ہے کہ اب بھی پنجاب میں موجود ہوں، میں جعلی وزیر داخلہ کو نہیں مانتا۔
اپنے بیان میں مقبول گجر نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر پنجاب کا صدر ہوں، ریاست کی نمائندگی کر رہا ہوں، پہلے بھی یہاں موجود تھا اور اب بھی یہیں ہوں۔
مقبول گجر نے کہا کہ میں پی پی 167 کے الیکشن ہال جا رہا ہوں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں داخلے پر پابندی کے باوجود آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر مقبول گجر لاہور پہنچے تھے اور انہوں نے صوبہ چھوڑنے سے انکار کردیا تھا، پولیس حراست میں لینے پہنچی، تو اسے چکمہ دے کر فرار ہوگئے تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے مقبول گجر کو لاہور بدر کرنے اور تین ساتھیوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم مقبول گجر نے اپنے ایک بیان میں پنجاب میں ہی ہونے کا دعویٰ کردیا۔
اس سے قبل مقبول گجر اور ایس ایچ او عاطف کے درمیان تکرار ہوئی تھی، پولیس نے حکومتی آرڈر پر دستخط کروائے، ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ تھانے چلیں باقی بات وہاں کرتے ہیں، لیکن مقبول گجر گاڑی میں بیٹھ کر نو دو گیارہ ہو گئے تھے۔
پنجاب پولیس نے علی امین گنڈاپور کا داخلہ روکنے کے لیے خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والا ڈیرا دریا پُل بھی بند کردیا۔
امن و امان یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر پر 18 جولائی تک صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
Comments are closed.