پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ اب بھی مذاکرات ممکن ہیں، کل سماعت ہے ہوسکتا ہے کوئی راہ نکلے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مذاکرات میں بھرپور کوشش کی کہ آئین کے مطابق حل نکالیں، مذاکرات کا فائدہ یہ ہوا کہ ہمیں ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھ آیا۔
حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی ٹیم کے رکن بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ایک پوائنٹ پر مسئلہ آیا کہ کس وقت الیکشن کرائے جائیں، حکومتی کمیٹی کا خیال تھا کہ الیکشن اکتوبر میں ہونا چاہیے جبکہ ہمارا موقف تھا کہ آئین کے مطابق اسمبلی ختم ہو تو 90 دن میں الیکشن کرانے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم نے تجویز دی کہ 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں تو ایک وقت الیکشن ہوں، ہم آئین میں ترمیم کے لیے اسمبلی آنے پر تیار تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحادی 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کرنے پر آمادہ نہیں تھے۔
Comments are closed.